عیدالاضحی کے موقع پر ریاست بھر میں چوکسی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

   

میدک کے واقعات پر اظہار برہمی، خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، محمد علی شبیر نے تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ میدک ٹاؤن میں فرقہ وارانہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عیدالاضحی کے پیش نظر ریاست بھر میں چوکسی اختیار کرتے ہوئے امن و ضبط کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔ میدک ٹاؤن میں کل بی جے پی اور دیگر فرقہ پرست تنظیموں کے کارکنوں کی جانب سے دینی مدرسہ پر حملہ اور اقلیتی طبقہ کے افراد کو زخمی کرنے کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف میدک بلکہ تمام اضلاع اور بڑے شہروں میں پولیس کو چوکسی کی ہدایت دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امن و امان کی برقراری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عیدالاضحی کے اختتام تک فرقہ پرست تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں جو تلنگانہ حکومت کو بدنام کرنے کیلئے امن و ضبط کو بگاڑنے کے درپے ہیں۔ قبل ازیں حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو میدک کے حالات سے واقف کرایا۔ انہوں نے مختلف مسلم تنظیموں کی جانب سے موصولہ شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست بھر میں پولیس کو چوکسی کی ہدایت دیں۔ محمد علی شبیر نے ایس پی میدک اور دیگر عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے مسلم علاقوں میں فرقہ پرستوں کی سرگرمیوں کے سدباب کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ تشدد کے حقیقی ذمہ داروں کی نشاندہی کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور ان کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ میدک ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں چوکسی برقرار ہے اور عیدالاضحی کا پُرامن طور پر اہتمام کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق شہریوں میں اعتماد کی بحالی کیلئے دونوں طبقات کے سرکردہ مذہبی و سماجی قائدین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔1