عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا موثر انتظام

   

جی ایچ ایم سی سے بروقت قربانی کے باقیات کی نکاسی
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں صفائی کا مؤثر انتظام کرتے ہوئے فوری کچہرے کی منتقلی کے اقدامات کئے گئے اور شہر کے کسی بھی علاقہ میں قربانی کے باقیات کو نہیں چھوڑا گیا بلکہ چارہ اور باقیات کی فوری صفائی کے ذریعہ ماحول کو آلودہ ہونے سے محفوظ کرنے میں بلدی عہدیداروں نے عجلت و مستعدی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں بارش کے باوجود شہر کی گلیوں اور محلہ جات میں کوئی گندگی باقی نہیں رہی۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بلدیہ کی جانب سے صفائی عملہ کے علاوہ کچہرے کی منتقلی کی گاڑیوں اور کرین کو تیاررکھا گیا تھا تاکہ قربانی کی باقیات اور چارہ جو پھینکا جاتا ہے اسے فوری منتقل کیا جائے۔ پرانے شہر کے علاقوں خلوت‘ جہاں نما‘ نواب صاحب کنٹہ‘ بہادر پورہ‘ انجن باؤلی‘ فلک نما‘ کالا پتھر‘ شاہ علی بنڈہ ‘سید علی چبوترہ‘ قاضی پورہ‘ سلطان شاہی ‘ کوٹلہ عالیجاہ کے علاوہ سنتوش نگر‘ عیدی بازار‘ چندرائن گٹہ‘ ریاست نگر اور دیگر علاقو ںمیں کارپوریٹرس اور بلدی عہدیداروں کو کچہرے کی منتقلی کے راست انتظامات کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ دونو ںشہروں میں مسلسل بارش کے سبب کچہر ے کی منتقلی کے سلسلہ میں خدشات ظاہر کئے جا رہے تھے لیکن مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے کارپوریٹرس اور ماہرین کی جانب سے توجہ دہانی کے بعد دونوں شہروں میں کچہرے کی نکاسی کے جو انتظامات کئے ہیں اس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ سابق میں عید الاضحی کے دن صفائی کے خصوصی انتظامات تو کئے جاتے تھے لیکن اس کے باوجود شہر میں جابجا کچہرے کے انبار اور قربانی کے باقیات نظر آیا کرتے تھے ۔ بلدی عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس مرتبہ صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے میں عوام کا بھی بڑا تعاون رہا کیونکہ عوام کی جانب سے بڑے پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کے ذریعہ کچہرے اور باقیات کو ایک جگہ کرتے ہوئے انہیں پھینکنے کے اقدامات کئے جس کے سبب دونوں شہرو ںسے کچہرے کی منتقلی میں سہولت ہوئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں شہریو ںکی جانب سے باقیات اور کچہرا کھلا پھینکے جانے کے سبب ان علاقوں کی مؤثر صفائی نہیں ہوپائی ہے لیکن اندرون دو یوم جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک اور خصوصی صفائی مہم چلاتے ہوئے مکمل کچہرے کی منتقلی کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شہر کے کسی بھی گلی کوچہ یا محلہ میں کوئی گندگی باقی نہ رہے جو بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔