نئی دہلی۔ 24/فروری (پریس نوٹ )۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے عیدالفطر سے قبل ملک بھر خصوصاً حیدرآباد میں مستحق مسلمانوں کیلئے ’سوغاتِ مودی‘ مہم کا آغاز کیا ہے۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے تحت شروع کی گئی اس مہم کا مقصد غریب مسلم خاندانوں کو خصوصی رمضان مودی کٹس فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عید کی خوشیاں بغیر کسی دشواری کے منا سکیں۔ مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے بی جے پی تلنگانہ کے سابق ترجمان اور اقلیتی مورچہ رہنما جناب میر فراست علی باقری کے ہمراہ آج وزیر سیاحت و ثقافت کے کیمپ آفس اکبر روڈ دہلی میں ایک تقریب میں ’سوغاتِ مودی‘ مہم کا پوسٹر جاری کیا ۔ اس موقع پر جناب عباس نقوی،جناب شیخ جیلانی اور جناب دانش خان موجود تھے ۔ پریس کانفرنس میں میر فراست علی باقری نے کہا کہ مقدس ماہِ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے پیش نظر یہ مہم شروع کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں اقلیتی مورچہ کے ہزاروں کارکن مساجد کے تعاون سے مستحق افراد تک پہنچیں گے اور رمضان کٹس تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ضرورت مند مسلم خاندانوں کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ رمضان المبارک اور عید الفطر کو خوشی سے منائیں۔