عیدالفطر پر کورونا تحدیدات کا اثر روایتی جوش کا فقدان۔ بڑے اجتماعات نہ ہوئے

   

نئی دہلی : ملک کے طول و عرض میں زیادہ تر علاقوں میں جمعہ 14 مئی کو عیدالفظر منائی گئی جس پر جاریہ وباء کورونا وائرس کے سبب لاگو تحدیدات کا اثر دیکھنے میں آیا ۔ تمام بڑی مساجد اور خاص طورپر عیدگاہوں میں روایتی بڑے اجتماعات منعقد نہیں کئے جاسکے کیونکہ حکومتوں نے کورونا قواعد کے تحت محدود تعداد میں نماز عید کی اجازت دے رکھی تھی اس لئے عیدگاہوں میں نماز کی ادائیگی سے گریز کیا گیااور مساجد میں مصلیوں کی محدود تعداد کے ساتھ عید کی نمازیں ادا کی گئی ۔ اس طرح ملک بھر میں عیدوں کے موقع پر پائے جانے والے روایتی جوش و خروش کا فقدان نظر آیا ۔ تاہم صحت کی خاطر مسلمانوں نے حکومت کے قواعد سے تعاون کیا اور امن کے ساتھ عید منائی ۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیانائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور تمام ریاستوں کے گورنروں اور چیف منسٹروں نے مسلمانوں کو عیدالفطر پر مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ موقع ملک کے لئے خوشیاں لائے گا۔