عیدالفطر کو اضطراب آمیز خوشیوں میں ہم بھی برابر کے شریک

   

وباء کی شدت نے ایسے حالات کھڑے کئے ، بی بی پاٹل کی عید کی مبارکباد

ظہیرآباد رکن پارلیمانی حلقہ ظہیرآباد بی بی پاٹل نے اپنے ایک صحافتی بیان میں اپنے پارلیمانی حلقہ کے تمام مسلم بھائیوں ، بہنوں اور بزرگوں کو عیدالفطر کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران منائی جانے والی اس عید سے ملنے والی اضطراب آمیز خوشیوں میں وہ بھی برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ریاست کے مسلمانوں کیلئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے دوران انتہائی نامساعت حالات میں عیدالفطر منانے کا یہ دوسرا موقع فراہم ہوا ہے ۔ کورونا وباء کی دوسری لہر کے شدت اختیار کرلئے جانے کے باعث انسانی جانوں کو لاحق سنگین خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کو لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لانا پرا ۔ انہوں نے برملا کہا کہ ہمیشہ کی طرح عید کی نماز عیدگاہوں اور مسجدوں میں ادا کرنے کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں ۔ اس لئے ریاستی حکومت نے مسجدوں کو سجدہ ریزی سے محروم رکھنے کے بجائے تین تا چار مصلیوں کو عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی ہے ۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو اپنے اپنے گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کرنے کی پرخلوص خواہش کرتے ہوئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں کورونا وباء کے خاتمہ کیلئے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی ۔ انہوں نے عید کی نماز کے بعد کورونا کے پیش نظر گلے ملنے اور مصافحہ کرنے سے گریز کرنے کی پرزور خواہش بھی کی ہے ۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضروری ہوتو ہی گھر سے باہر نکلیں ورنہ گھر پر ہی رہنے کو ترجیح دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے پھر ایک بار مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہی کورونا وباء سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔