عیدالفطر کے بعد تلنگانہ میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری

   

حیدرآباد میں جگہ جگہ چیک پوسٹ ، پولیس کمشنرس کو حکومت کی ہدایت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے پیش نظر پولیس کسی قدر نرم رویہ اختیار کر رہی ہے ۔ تاہم عیدالفطر کے بعد لاک ڈاؤن کے نفاذ میں سختی کی جائے گی ۔ بتایا جاتاہے کہ حیدرآباد ، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق نرمی کے اوقات کے دوران تجارتی سرگرمیوں کی فلمبندی کریں تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ تجارتی ادارے کس حد تک کووڈ قواعد پر عمل کر رہے ہیں ۔ حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے 168 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں جو صبح 10 بجے سے دوسرے دن کی صبح 6 بجے تک کام کریں گے ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار کے مطابق ہیلت ورکرس ، میڈیکل اسٹاف اور اشیائے ضروریہ کی سربراہی کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ ترکاری اور دودھ کی سربراہی میں رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور اندرون ملک سفر کرنے والے افراد ویب پورٹل کے ذریعہ ای پاس حاصل کرسکتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک 700 سے زائد ڈیجیٹل ای پاسیس جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی خدمات میں استعمال کی جانے والی اشیاء کی منتقلی کے لئے گاڑیوں کو پاس کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ تاہم گاڑی کے اسکرین پر اشیاء کی تفصیلات درج کرنا ہوگا ۔ کمشنر پولیس کے مطابق ہر چیک پوسٹ پر ایک سب انسپکٹر کی قیادت میں اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے ۔ مریضوں کی منتقلی اور ان کی خدمات انجام دینے والوں کو ہاسپٹل کے ڈیجیٹل پاس اور دواخانے کے دستاویزات کی بنیاد پر لاک ڈاون میں نکلنے کی اجازت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری گھومنے والے افراد کی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تینوں کمشنریٹس کے تحت لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آور کی منصوبہ بندی کی گئی ۔