عیدالفطر کے موقع پر غریبوں کی مدد کی جائے

   

سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کا پیام عید

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے تلنگانہ عوام بالخصوص مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے باوجود مسلمانوں نے مساجد کے بجائے گھروں میں خشوع و خضوع کے ساتھ عبادتوں کا اہتمام کیا جس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہیں۔ مسلمانوں نے لاک ڈاؤن کی ملک بھر میں پابندی کی اور خود کو مساجد سے دور رکھا۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپنے مکانات میں تراویح اور دیگر نمازوں کا اہتمام کیا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ مصیبت اور امتحان کی اس گھڑی میں کی گئی عبادتیں بارگاہ الٰہی میں زیادہ مقبول ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی خریداری سے خود کو دور رکھتے ہوئے مسلمانوں نے غریب خاندانوں کی مدد کو ترجیح دی۔ لاک ڈاؤن کے پریشان حال خاندانوں کی مدد کیلئے بھی اہل خیر حضرات نے اہم رول ادا کیا۔ 2 ماہ تک ریاست کے ہر ضلع میں اہل خیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ریلیف کے کام انجام دیئے گئے۔ محمد علی شبیر نے یقین ظاہر کیا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود مسلمانوں نے جس طرح خشوع و خضوع کے ذریعہ خود کو عبادتوں میں مصروف رکھا اسے بارگاہ الٰہی کی قبولیت حاصل ہوگی اور اللہ تعالیٰ انسانیت کو کورونا وائرس کی وباء سے نجات دے گا۔ محمد علی شبیر نے عیدالفطر کے موقع پر انسانیت کو کورونا سے نجات اور عالم اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔