عیدگاہوں میں نماز عیدالاضحی کے انتظامات کی ہدایت

   

مختلف محکمہ جات کو شاہنواز قاسم کا مکتوب، صحت و صفائی پر خصوصی توجہ
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کی تمام بڑی عیدگاہوں اور اقلیتی بہبود کے زیر انتظام مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں نماز عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے مختلف محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضروری انتظامات کی خواہش کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ کے انتظامات کی ذمہ داری دی ۔ انہوں نے بتایا کہ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحیٰ صبح 9.30 بجے ادا کی جائے گی جبکہ عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں نماز عید صبح 9 بجے ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ برقی ، آبرسانی میڈیکل اینڈ ہیلت ، پولیس اور دیگر محکمہ جات کو علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہر سال کی طرح انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں انتظامات کی نگرانی وقف بورڈ کے عہدیدار کریں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ بارش کے پیش نظر عیدگاہوں میں نمازیوں کیلئے واٹر پروف ٹینٹ نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کی جانب سے علحدہ طور پر سرکاری محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔ صدرنشین وقف ہفتہ کو میرعالم اور مادنا پیٹ عیدگاہوں کا مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کریںگے۔