مسافرخانہ کی مکمل تعمیر، دو بورویل کی کھدوائی اور ڈرین کے کام انجام دینے کا تیقن
بیدر۔ جناب محمد امجد حسین کی اطلاع کے بموجب سابق وزیر اور رکن اسمبلی بیدر جناب رحیم خان نے آج اتوار کو عیدگاہ(سنی) محمدآباد بیدر شریف کادورہ کیا۔ اپنے ایم ایل اے فنڈسے سابق میں انجام دئے گئے کام اور موجودہ ضروری کام کا عیدگاہ بیدرکے احاطہ میں گھوم پھر کر جائزہ لیا۔ عیدگاہ بید رکی نومنتخب کمیٹی کے صدرجناب محمدجواد احمد اور سکریڑی جناب سید مبشرعلی ابونے رکن اسمبلی کی آمدپر شالپوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ جناب رحیم خان رکن اسمبلی نے اس موقع پر عیدگاہ کمیٹی کے مختلف کام سے متعلق بتایاکہ جس قدر جلدی ہوسکے عیدگاہ بیدر کے مختلف کام ممکنہ طورپر انجام دوں گا۔مسافر خانہ کے باقی کام کے لئے رقم کی اجرائی ، پانی کی قلت کے پیش نظر مزید دوبورویل کی کھدائی اور بارش کی آمد سے قبل عیدگاہ کے سامنے واقع نالیوں کی صفائی کاکام یقینا ہوگا۔ اس سے قبل عیدگاہ(سنی) محمد آباد بیدرشریف کی کمیٹی کے ایگزیکٹیو رکن اور سابق صدر عیدگاہ جناب محمداحمد سیٹھ نے عیدگاہ بیدر کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے رکن اسمبلی رحیم خان کو عیدگاہ کے احاطہ میں لے جاکر مختلف کام بتائے اور کہاکہ پانی کی قلت کے سبب عیدگاہ بیدر کاسالانہ 2لاکھ روپئے کا نقصان ہورہاہے۔عیدگاہ احاطہ میں واقع آم کے درختوں کو پانی اسلئے نہیں دیاجاسکاکہ یہاں صرف ایک ہی باولی ہے ، جبکہ کم سے کم 2بورویل کاہونا بہت ضروری ہے تاکہ ہونے والے نقصان سے بچاجاسکے۔ انھوں نے عیدگاہ بیدر میں جائے نما ز کی کمی کی طرف بھی توجہ دِلائی۔ اور کہاکہ ہمیں جامع مسجد ، مسجد ِ الٰہی اور دیگر مساجد سے نماز عید کی ادائیگی کے لئے جائے نمازیں منگوانی پڑتی ہیں۔ جناب احمد سیٹھ نے عیدگاہ بیدر میں پرائمری ہیلتھ سنٹر اور ڈائلیسس سنٹر کی تعمیر شدہ عمارت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے اسے اہم کام قرار دیا۔اور بتایاکہ موجودہ عیدگاہ کمیٹی پرائمری ہیلتھ سنٹر اورڈائلسیس سنٹر کے کام کو اگرآگے بڑھاتی ہے تو اس سے دیہات کے لوگوں کوفائدہ ہوگاچونکہ یہ دونوں سنٹر حکومت کرناٹک کی جانب سے ہوں گے اس لئے مفت خدمت ہوگی جس سے اہلیان بیدر اور خصوصاً عیدگاہ کمیٹی بیدر کو ثواب مل سکتاہے۔ اور ایک مثالی ہیلتھ سنٹر کے قیام کی بدولت عیدگاہ بیدرکے خدمت خلق کے کام سے عوام روشناس ہوگی ۔ بھائی چارہ میں اضافہ ہوگا جس کی آج سخت ضرورت ہے۔ اسی طرح احمد سیٹھ نے بتایاکہ سابق وزیر اوقاف جناب ضمیراحمد خان نے 17لاکھ روپئے جاری کرنے کاتیقن دیاتھاجس میں سے 7لاکھ روپئے عیدگاہ بیدر کو آئے تھے۔ باقی 10لاکھ روپئے عیدگاہ بیدر کو دلائے جائیں۔جناب رحیم خان رکن اسمبلی نے تمام ترقیاتی کام کے لئے اپنی جانب سے بھرپور تعاون عمل اور مالیہ کی فراہمی کاتیقن دیا۔اوریہ بھی کہاکہ سدرامیاحکومت میں ضمیراحمد خان نے جو 17لاکھ جاری کئے تھے اس میں کے باقی 10لاکھ روپیوں کے لئے بھی کوشش کی جائے گی ۔ اسکے لئے ا نتظامی کمیٹی عیدگاہ بیدرمجھے یاددِلایاکرے۔ اس موقع پر صدر عیدگاہ جناب محمد جواداحمد، سکریڑی جناب سید مبشرعلی ابو، نائب صدر جناب محمد سمیر، خازن جناب محمد فیاض الدین ، دیگر ایگزیکٹیو اراکین میں جناب محمد اعجاز الحق ، احمد سیٹھ اور عبدالعزیز عرف منا موجودتھے۔ واضح رہے کہ اس موقع پر عیدگاہ بیدر کے ایک عہدیدار کی جانب سے ویڈیو بنانے سے منع کرتے ہوئے کہاگیاکہ عیدگاہ بیدرکی ویڈیو نہ بنائی جائے۔