کوویڈ قواعد کی پابندی کی اپیل، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے لہٰذا حکومت نے کوویڈ قواعد کے ساتھ عبادتگاہوں کی کشادگی کی اجازت دی ہے۔ دیڑھ سال کے وقفہ کے بعد عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عیدالاضحی باجماعت ادا کی جائے گی جس کیلئے تلنگانہ وقف بورڈ نے تیاریوں کا آغاز کیا ہے۔ وقف بورڈ کے زیرانتظام عیدگاہ میرعالم اور مادنا پیٹ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیدار انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ شہر کے دیگر عیدگاہوں میں متعلقہ کمپنیوں نے تیاری شروع کردی ہے۔ عیدین کے موقع پر سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ میرعالم میں ہوتا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عوامی نمائندوں اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ عیدگاہ میرعالم کا دورہ کیا اور بارش کے امکانات کے پیش نظر نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ شامیانوں اور جانمازوں کے علاوہ پینے کے پانی اور وضو کا انتظام رہے۔ بلدی، برقی، آبرسانی، ہیلت اور پولیس کے عہدیداروں نے مصلیوں کی سہولت کیلئے مؤثر انتظامات کا تیقن دیا۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی، عیدگاہ کے اطراف صحت و صفائی اور گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے ہدایت دی گئی۔ محمد سلیم نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ عیدگاہ میرعالم میں نماز عید صبح 7:30 بجے ادا کی جائے گی۔ مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد میں نماز عید کی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا محمد سیف اللہ اور مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ خطاب کریں گے۔ محمد سلیم نے مصلیوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں اور ساتھ میں جانماز لائیں۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلے کی برقراری کے ساتھ نماز ادا کریں۔ انہوں نے دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں سماجی فاصلہ اور ماسک کے استعمال کی اپیل کی تاکہ کورونا وبا سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے لیکن تیسری لہر کے امکانات کے پیش نظر ہر کسی کو احتیاط کرنا ہوگا۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی کورونا کیس کی تعداد میں اضافہ کا رجحان ہے اور تیسری لہر کی صورت میں ستمبر میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا امکان برقرار ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو عید کی پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قربانی کے موقع پر غریبوں کا خیال رکھنے اور گندگی سڑکوں پر نہ پھینکنے کی اپیل کی۔ دورہ میں رکن اسمبلی محمد معظم خاں، زونل کمشنر جی ایچ ایم سی اشوک سمراٹ، چیف جنرل منیجر واٹر ورکس بھارگوا، ایڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک راملو نائیک، ایڈیشنل ڈیسی پی لا اینڈ آرڈر محمد رفیق، ڈی ای الیکٹریسٹی انور پاشاہ اور مقامی عوامی نمائندے شامل تھے۔
