عیدگاہ میرعالم میں نمازِ عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ،واٹر پروف ٹینٹ نصب کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔6 ۔ اگست (سیاست نیوز) عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا۔ انہوں نے موسم بارش کے پیش نظر واٹر پروف ٹینٹ نصب کرنے کی ہدایت دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ٹریفک پولیس ، لاء اینڈ آرڈر ، واٹر ورکس ، الیکٹرسٹی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی اور صدرنشین کو انتظامات سے واقف کرایا۔ محمد سلیم نے مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ عیدگاہ کے مختلف حصوں کا شخصی طور پر معائنہ کیا اور کہا کہ مصلیوں کو کسی بھی تکلیف سے محفوظ رکھنے کیلئے وقف بورڈ ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔ دورہ کے موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید ، اسسٹنٹ کمشنر پولیس ٹریفک جی ناگنا ، ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی، بی سمن راؤ ، محمد قادر محی الدین (واٹر ورکس) ، پی سوریا پرکاش (الیکٹرسٹی)، سرکل انسپکٹر بہادر پورہ ڈی درگا پرساد اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحیٰ صبح 9.30 بجے ادا کی جائے گی۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ (جامعہ نظامیہ) اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ کا خطاب ہوگا۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ہر سال کی طرح وقف بورڈ بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کیلئے حکام کو ہدایت دی گئی ہے۔ پینے اور وضو کیلئے پانی کا معقول انتظام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر چیف منسٹر ہیں اور وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہر کسی کے عید اور تہوار کو سرکاری طور پر منانے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر نے رمضان اور بقرعید میں بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ پرانا پل سے بہادر پورہ تک جگہ جگہ پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہیوی وہیکلس کے داخلہ پر پابندی رہے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس ملک بھر میں کارکردگی کے اعتبار سے اپنی علحدہ شناخت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام محکمہ جات بہتر تال میل کے ذریعہ انتظامات کریں گے۔ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عالم اسلام میں امن و خوشحالی اور تلنگانہ کی ترقی بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر کی صحت و درازی عمر کی دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تمام مساجد اور عیدگاہوں میں بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اگر کہیں بھی مسئلہ پیدا ہو تو مسجد کمیٹی یا عیدگاہ کمیٹی وقف بورڈ سے رجوع ہوسکتی ہے۔ وقف بورڈ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔