عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر تازہ ناجائز قبضے

   

Ferty9 Clinic

محمود علی اور محمد سلیم کا پولیس عہدیداروں سے ربط ، ناجائز قبضوں کی برخاستگی کا آغاز
حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر تازہ غیر مجاز قبضوں کی کوششوں کے خلاف تلنگانہ وقف بورڈ نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کل رات سے عیدگاہ کی کھلی اراضی پر غیر مجاز قبضوں کا آغاز کیا گیا اور اراضی کی حدبندی کی گئی ۔ اطلاع ملتے ہی صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں پر مشتمل ٹاسک فورس کو عیدگاہ روانہ کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ربط قائم کرتے ہوئے اس سلسلہ میں متعلقہ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دینے کی خواہش کی۔ وزیر داخلہ نے پولیس عہدیداروں کو ناجائز قبضوں کی برخواستگی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اوقافی اراضی کا بہر صورت تحفظ کیا جائے۔ محمود علی نے کہا کہ اراضی سے متعلق مقدمہ عدالت میں زیر دوران ہے ، اس کے باوجود غیر مجاز قابضین کی سرگرمیاں افسوسناک ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ضلع کلکٹر ، ڈپٹی کمشنر پولیس اور متعلقہ ایم آر او سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں وقف بورڈ کے موقف سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ کے تحت 90 ایکر 17 گنٹے اراضی موجود ہے اور وقف بورڈ نے ریونیو اور پولیس کی مدد سے کئی غیر مجاز قبضوں کو برخواست کیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کی سرگرمیاں عدالت کے احکامات کی توہین کے مترادف ہے ۔ وقف بورڈ عہدیداروں کی ٹیم نے معائنہ کے بعد پولیس میں شکایت درج کی۔ ریونیو حکام کے ساتھ سروے کیا جائے گا اور حصار بندی کو ختم کرتے ہوئے اراضی کو وقف بورڈ اپنی تحویل میں لے گا ۔ واضح رہے کہ عیدگاہ کی 70 فیصد اراضی غیر مجاز قابضین کے تحت ہے اور 30 فیصد اراضی کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ جدوجہد کر رہا ہے ۔ حال ہی میں ہائی کورٹ سے وقف بورڈ کے حق میں احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن قابضین نے ان احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے اسے اپنی ذاتی ملکیت قرار دیا۔ صدر نشین محمد سلیم نے کہا کہ عدالت نے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہوئے وقف اراضی کا تحفظ کیا جائے گا ۔ وقف بورڈ نے ریونیو اور پولیس حکام کی مدد سے بعض ناجائز قبضوں کی برخاستگی کا کام شروع کردیا ۔