لکھنؤ، 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے عید الاضحی ، ساون کے آخری پیر، رکشا بندھن، یوم آزادی اور جنم اشٹمی کے موقع پر قانون و انتظام کے تعلق سے پولیس اور انتظامیہ کے افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہیں۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ سیکورٹی کے پختہ انتظام یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے ہر سطح پر تہوار کو پرامن طور پر منائے جانے ، سیکورٹی کے چاق چوبند انتظامات کرنے اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روایت کے برعکس کوئی بھی کام کئے جانے کی منظوری نہ دی جائے ۔ وزیر اعلی نے روس کے دورے پر جانے کے قبل ہفتہ کے روز یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر آنے والے تہواروں اور یوم آزادی کے سلسلے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حکام کو ہدایت دے رہے تھے ۔