عوام کو پیشگی مبارکباد ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اپنے دفتر واقع لکڑی کا پل میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں پرنسپل سکریٹری روی گپتا ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایم مہیندر ریڈی ، محکمہ جیل کے ڈائرکٹر جنرل راجیو ترویدی ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل راجیورتن ، پولیس کمشنران انجنی کمار ، مہیش ایم بھاگوت ، وی سی سجنار ، محکمہ محابس کے ڈائرکٹر جنرل سنجے کمار جین ورنگل اور حیدرآباد کے پولیس انسپکٹر جنرل ناگی ریڈی اور اسٹیفن رویندر موجود تھے ۔ وزیر نے ملک بھر کے مسلمانوں بالخصوص تلنگانہ کے تمام لوگوں کو عید الاضحی کی پیشگی مبارکبادی پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ سال عیدین کی نمازوں کو عیدگاہ میں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم اس سال حالات بہتر ہونے کی وجہ سے عید الاضحی کی نماز کی عام اجازت دی گئی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ عید کی نماز کے اہتمام کے دوران احتیاط برتیں اور کووڈ قوانین کی پابندی کریں کیوں کہ کورونا وبا پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے ان حالات میں کووڈ قوانین کی پابندی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا کو روکنے کا اہم ذریعہ ویکسین ، فیس ماسک ، سماجی فاصلہ اور ہاتھوں کو سینٹائزر یا صابن سے بار بار دھونا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ریاست بھر کے تمام عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید الاضحی کے موقع پر سماجی فاصلہ قائم رکھیں ۔ مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کریں ۔ فیس ماسک کو ہمیشہ استعمال کریں ۔ محمد محمود علی نے عوام سے درد مندانہ اپیل کی کہ وہ کورونا کے خاتمہ کو اپنی دمہ داری سجھیں اور اس کو روکنے میں حکومت تلنگانہ کا ساتھ دیں ۔ قبل ازیں انہوں نے ریاست کے لا اینڈ آرڈر پر جائز حاصل کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں ۔ وزیر نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ریاست بھر میں بونال اور بقر عید کے موقع پر متعلقہ محکمہ جات کے ذریعہ اقدامات کریں اور عوام کو سہولیات فراہم کریں ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ عید الاضحی سے تین دن قبل قربانی کے جانوروں کی آمد و رفت کے لیے عوام کو سیکوریٹی فراہم کریں جس پر اعلیٰ پولیس عہدیداران نے اثبات میں جواب دیا ۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے لیے ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کریں تاکہ دوسروں کو تنقید کا موقع نہ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد صفائی پر خاص توجہ دیں اور اپنے پڑوسیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائیں ۔ اپنی قربانی میں رشتہ داروں ، پڑوسیوں ، دوست و احباب اور غربا کا خیال رکھیں ۔ وزیر نے پولیس عہدیداران سے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرنے کے بعد کہا کہ اس موقع سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بے روزگاروں کو روزگار فراہم کریں ۔ آخر میں انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ عید الاضحی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں ۔۔