حیدرآباد : عیدالفطر کے دن ایک مسلم خاندان نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید کی خوشیاں منانے کے بجائے ہندو شخص کی آخری رسومات انجام دیتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں پیش آیا ہے جہاں ایک 55 سالہ ہندو شخص کی کورونا سے موت واقع ہوجانے پر اس کے خونی رشتے، دوست احباب نے اس کی آخری رسوم انجام دینے سے انکار کردیا۔ انسانیت کو شرمسار کرنے والے کئی واقعات کورونا کی دوسری لہر میں تلنگانہ کے بشمول ہندوستان بھر میں دیکھنے کو ملے ہیں مگر ملک کے مختلف مقامات پر مسلمانوں نے ہندوؤں کی آخری رسومات میں اہم رول ادا کیا ہے۔ مذہبی معاملات سے بالاتر ہوکر مصیبت کے موقع پر ہندوؤں کی مدد کی ۔ ایسا ہی ایک واقعہ نظام آباد ایرگنٹلہ میں پیش آیا جہاں عید کے دن 55 سالہ ہندو شخص کی موت ہوگئی۔ ارکان خاندان آخری رسومات کیلئے آگے نہیں آئے۔ اطلاع ملتے ہی ٹی آر ایس اقلیتی سیل منڈل صدر محمد زین الدین اپنے بھائیوں منان اور اسمعیل کے ساتھ پہنچ کر ہندو رواج کے مطابق آخری رسومات انجام دی۔