چیف منسٹر کو متعدد مکتوبات ارسال ، حکومت سے رہنمایانہ ہدایت کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) عید الفطرکے موقع پر مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا!اگر حکومت کا منصوبہ نہیں بھی ہے تو ایسی صورت میں سنجیدہ شہریوں کو عید الفطر کے دن کے تمام اجتماعات کی تنسیخ اور مکمل لاک ڈاؤن کی تائید کی جانے لگی ہے اور ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کی تجویز پیش کی گئی ہے کہ وہ عید الفطر کے دن مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کی ہدایت دیںکیونکہ اگر عید کے دن رعایت فراہم کی جائے گی تو لوگ ملاقاتوں کیلئے ایک دوسرے کے گھر جائیں گے اور انہیں روکنا مشکل ہوجائے گا۔ علماء اکرام کی جانب سے صلواۃ العیدالفطر کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جاچکے ہیں اور اس رہنمائی کے بعد عید کے موقع پر ایک دوسرے سے ملاقات اور بغلگیر ہونے کا مطلب باقی نہیں رہ جاتا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھرراؤ نے لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کے دوران یہ واضح کردیا تھا کہ عید کے موقع پر کوئی اجتماعات منعقد نہیں ہوں گے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے بازاروں کی کشادگی کے لئے راحت فراہم کئے جانے کے بعد ملک کی بیشتر ریاستوں بالخصوص ریاست تلنگانہ میں حالات تبدیل ہوچکے ہیں اور بازاروں میں عوام کو خریداری کی اجازت دی جانے لگی ہے لیکن ہنوز مساجد پر عائد تحدیدات برقرار ہیں ۔ مساجد کی کشادگی کے معاملہ میں ریاست میں گروہ بندی ہونے لگی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے بازاروں کی کشادگی اور مساجد پر تحدیدات پر اعتراض کیا جا رہاہے اور ایک گروپ بازاروں کی کشادگی کو معاشی معاملات سے جوڑتے ہوئے یہ کہہ رہا ہے کہ معاشی امور کی انجام دہی کے آغاز کے بعد مساجد کی بھی کشادگی کا آغاز کیاجاسکتا ہے لیکن ان دونوں گروہوں میں کوئی ٹکراؤ کی نوبت نہیں ہے مگر کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت پرعید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے لئے دباؤ ڈالا جائے ۔ سرکردہ علماء اکرام اور سنجیدہ شہریوں کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران عبادتوں کی انجام دہی کیلئے مساجد نہ آنے کی اپیل کی گئی اور گھروں کی حد تک عبادات کو محدود کیا گیا اور اب بھی نماز عید الفطر اور اعتکاف کے سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کرنے کے بعد اب حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی جا رہی ہے کہ عید الفطر کے دن مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے اور سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں کسی بھی ضلع میں عید کے موقع پر کی جانے والی ملاقاتوں کو بنیاد بناتے ہوئے مسلمانوں کو کو کورونا وائرس کے پھیلنے کیلئے مؤرد الزام ٹھہرانے کا موقع نہ ملے۔ حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے دن کسی بھی اجتماع کے منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کردیا گیا ہے لیکن بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران عید الفطر کے موقع پر اجتماعات کے انعقاد کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے تحدیدات عائد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی جائے گی کہ وہ عید الفطر کے موقع پر گھروں کی حد تک محدود رہیں اور اپنے افراد خاندان کے ساتھ عید منائیں ۔