عید الفطر کے موقع پر گھروں میں دو رکعت نماز شکرانہ ادا کرنے کی تلقین

   

مفتی جامعہ نظامیہ مولانا عظیم الدین کا فتویٰ قابل عمل ، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی کا بیان
حیدرآباد۔22مئی (سیاست نیوز) عید کی نماز کیلئے اذن عام یعنی عام اجازت لازمی ہے اور عید کی نماز کیلئے بھی وہی شرائط ہیں جو کہ نماز جمعہ کیلئے ہیں اسی لئے عید کی نماز کیلئے حکومت کی جانب سے مزید کوئی رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کا انتظار کئے بغیر مسلمانوں کو گھروں میں دو رکعت نماز شکرانہ ادا کرلینا چاہئے ۔ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے نماز عید الفطر کے سلسلہ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عام اجازت نہ ہو تو ایسی صورت میں عید کی نماز کا کوئی جواز نہیں ہے اسی لئے نماز عید کے لئے اصرار کے بجائے شکرانہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں مفتی جامعہ نظامیہ مولانا عظیم الدین کی جانب سے جو فتوی جاری کیا گیا ہے اس پر عمل کیا جائے اور کسی بھی طرح کی گمراہی کا شکار ہوئے بغیر اس کو قابل عمل بناتے ہوئے علماء اکرام کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کا احترام کیا جائے۔ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ اور لاک ڈاؤن کی صورتحال اور شرائط کو دیکھتے ہوئے علمائے جامعہ نظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نماز عید الفطر ادا نہیں کی جائے گی کیونکہ اذن عام نہیں ہے اور ان حالا ت میں اس کی گنجائش نہیں ہے۔اسی لئے عامۃ المسلمین کو چاہئے کہ وہ تذبذب کا شکار ہونے کے بجائے جامعہ نظامیہ کی جانب سے جو فتوی جاری کیا گیا ہے اس پر عمل کریں اور عیدالفطر کی نماز کے متعلق کسی بھی طرح کے مخمصہ کا شکار نہ ہوں بلکہ گھرو ںمیں نماز شکرانہ ادا کریں ۔ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں سے عید کی نماز کے مسائل کے سلسلہ میں دریافت کیا جارہا ہے اسی لئے یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ جامعہ نظامیہ کی جانب سے صدر مفتی مولانا مفتی محمد عظیم الدین کی جانب سے واضح فتوی جاری کردیا گیا ہے اس کے بعد شک کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔