ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ کا مشورہ، دوسری لہر مزید دو ماہ تک برقرار رہے گی
حیدرآباد۔ /20 جولائی، ( سیاست نیوز) محکمہ صحت نے تلنگانہ میں متواتر عید اور تہواروں کے پیش نظر کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے امکانات کو دیکھتے ہوئے عوام کو عید اور تہوار کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف احتیاطی تدابیر سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ تلنگانہ میں بونال تقاریب کا آغاز ہوچکا ہے اور چہارشنبہ کو عیدالاضحی منائی جائے گی۔ سرینواس راؤ نے عید اور تہواروں کے موقع پر ہجوم میں کورونا قواعد پر عمل آوری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا وائرینٹ سے مقابلہ کیلئے حکومت کے تعاون سے محکمہ صحت سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی جاریہ دوسری لہر امکان ہے کہ آئندہ مزید دو ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پر تلنگانہ میں بہت کم مدت میں قابو پالیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم حکومت چوکسی برقرار رکھنے کے حق میں ہے۔ سرینواس راؤ کے مطابق دیگر ریاستوں کیلئے تلنگانہ رول ماڈل بن چکا ہے جس نے انتہائی کم وقت میں دوسری لہر پر کنٹرول کرلیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست کے بعض علاقوں میں ابھی بھی کورونا کیسس زائد تعداد میں ریکارڈ ہورہے ہیں۔ ایسے علاقوں میں وائرس پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت خصوصی اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں کوویڈ قواعد سے متعلق شعور بیداری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔