حج ہاؤز کے اجتماع سے حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 23(پریس ریلیز ) خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ھاوزنامپلی حیدرآباد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے حج ھاوزنامپلی حیدرآباد میں منعقدہ عید الفطر کے ایک کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ دین اسلام دین کامل و اکمل ہے۔ ہمارا دین ہمیں ماں کی گود سے لے کر گور تک زندگی کے ہر مرحلہ کے لئے کافی و شافی ہدایات سے نوازتا ہے۔ اسی طرح دین اسلام نے اسلامی، روحانی اور معاشرتی تہوار کے منانے کے انداز اور طور طریقے کے علاوہ اس کے حدود و قیود (Limitations) بیان فرمادی ہیں۔عید کا مقصد اور اس کا پیغام یہ ہے کہ ہم انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی خوشیاں اخوت ومحبت کے ساتھ منائیں، غریبوں کو سہارا فراہم کرکے، ٹو ٹے دلوں کو جوڑ کر، روٹھے عزیزوں کو مناکر عید منائیں، روحانی وجسمانی کدورتیں دلوں سے نکال کر بلاتفریق ہرکسی سے ملیں، آپسی رنجشوں اور اختلافات کوفراموش کرکے محبت واخوت اوربھائی چارگی کا پیغام آپس میں گلے مل کردیں، کیونکہ عید دید بھی ہے، اور گفت وشنید بھی،اور اسلا م ہمیں اجتماعیت کا درس دیتا ہے،خود غرضی کا نہیں۔ یہ بھی ضروری ہے کہ امت مسلمہ عیدکادن ایک وقار اور شائستگی وسنجیدگی کے ساتھ منائیں،دوسری قوموں کی طرح لہولعب میں پڑنادین فطرت کے خلاف ہے ۔دعا ہے کہ اللہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عیدالفطر کی خوشیاں منانے، اور سال کے بقیہ دن بھی اسی تقدس وعظمت سے گذارنے کی توفیق دے۔