عید :جانوروں کا 4,724 میٹرک ٹن فضلہ کی نکاسی

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ریکارڈ کے مطابق اس سال عیدالاضحی کے موقع پر جملہ 4,725 میٹرک ٹن تک جانوروں کا فضلہ نکالا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کو عید کے پہلے دن جملہ 2770 میٹرک ٹن فضلہ نکلا تھا جس کی نکاسی عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اتوار کو 1,955 میٹرک ٹن فضلہ دستیاب ہوا ہے اور اس کی بھی نکاسی عمل میں لائی گئی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے فضلے کی منتقلی کیلئے جملہ 403 گاڑیوں کا استعمال کیا گیا ہے ۔ ان میں ٹپرس اور دوسری گاڑیاں وغیرہ بھی شامل تھیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار نے بلدیہ کے وٹرنری شعبہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسالخ وغیرہ اتوار کو بند رکھے جائیں۔ جی ایچ ایم سی کے عملہ نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات سے جمع کردہ فضلہ کو جواہر نگر منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس فضلہ کو قوانین کے مطابق تلف کردیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے چیف وٹرنری آفیسر مسٹر عبدالوکیل نے بتایا کہ شہر کے مضافات کے علاقوں میں فضلہ کو تلف کرنے والے چھ پلانٹس ہیں جہاں اس فضلے کو پہونچانے کے بعد تلف کردیا گیا ہے ۔