لاک ڈاؤن میں احتیاط ضروری، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا بیان
حیدرآباد 5 مئی (پریس نوٹ) حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں سے اپیل کی ہے کہ اس سال عیدالفطر سادگی کے ساتھ منائی جائے۔ عید کے دن مرد ہوں یا عورت یا بچے، پرانے دُھلے ہوئے کپڑے پہننے پر اکتفا کریں۔ نئے کپڑے اور نئے جوتے چپل خریدنے اور مارکٹ میں جانے سے گریز کریں۔ آپ کے دوکانوں میں جانے سے سماجی دوری کے اُصول ٹوٹ جائیں گے، اس سے بیماری کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ نئے کپڑوں کے مقابلہ اپنی اور اپنے متعلقین کی صحت کو بچانا زیادہ اہم ہے۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ فرقہ پرست میڈیا جو اِن مشکل حالات میں بھی نفرت انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھارہا ہے، وہ اس کو مسلمانوں کو بدنام کرنے اور اُن کے خلاف نفرت پھیلانے کے لئے استعمال کرے گا بلکہ بعض شہروں میں جہاں کپڑوں کی دوکانوں کے لئے ڈھیل دی گئی ہے وہاں کے مقامی میڈیا نے یہ سلسلہ شروع بھی کردیا ہے۔ وہاں دوکان میں بیٹھی ہوئی برقعہ پوش خواتین کو چیانل پر دکھایا جارہا ہے۔ لاک ڈاؤن سے پہلے دہلی میں مسلمانوں کے خلاف جو فسادات برپا کئے گئے اُن میں بہت سی عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوئے۔ پورا محلہ ویران کردیا گیا، مکانات منہدم کردیئے گئے، دوکانوں کو آگ لگادی گئی، اگر ہم پیسے بچاکر ایسے مظلوم بطائیوں بہنوں کی مدد کریں تو اس سے ان شاء اللہ روحانی سکون بھی حاصل ہوگا۔ آپ کو ان غریبوں کی دعا بھی ملے گی اور یقینا آپ کا یہ عمل اللہ کے یہاں مقبول ہوگا۔