کچھ علاقوں میں نرمی کے بعد دوبارہ تحدیدات نافذ۔ ذرائع ابلاغ کا دعوی
سرینگر 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سارے جموںو کشمیر میں عیدالاضحی سے ایک دن قبل سخت ترین سکیوریٹی اقدامات کردئے گئے ہیں اور کئی علاقوں میں تحدیدات دوبارہ نافذ کردی گئیا ہیں۔ اتوار کو کچھ علاقوں میں تحدیدات میں نرمی دی گئی تھی تاکہ لوگ عید کی خریداری کرسکیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کچھ بازار ‘ بینکس اور اے ٹی ایم نے اتوار کو بھی کام کیا جبکہ ریاستی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پیر کو مساجد میں عید کی نماز کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کم از کم رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سرینگر کے کچھ حصوں میں سکیوریٹی مزید سخت کردی گئی ہے ۔ ایک ٹی وی نیوز چینل نے دعوی کیا کہ پولیس کی گاڑیوں سے یہ اعلان کئے گئے کہ لوگ اپنے گھروں کو واپس ہوجائیں ۔ ایک اور نیوز ایجنسی نے کہا کہ اس کے رپورٹ نے ایک پولیس ویان کو دیکھا جو سرینگر میں یہ اعلان کر رہی تھی کہ تحدیدات دوبارہ نافذ کردی گئی ہیں۔ تحدیدات میں دن میں کچھ نرمی دی گئی تھی ۔ تاہم سرکاری طور پر تحدیدات دوبارہ نافذ کئے جانے کی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ سرینگر کے ضلع مجسٹریٹ شاہد چودھری نے ٹوئیٹ کیا کہ ابھی معمول کے مطابق عید کیلئے بہت اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ہم عوام کی مشکلات میں کمی کرنے اور سہولیات فراہم کرنے اقدامات کر رہے ہیں۔
