تلنگانہ میں منفرد پہل ۔ انتظامات میں کوئی کسر باقی نہ رکھنے کی ہدایت
حیدرآباد۔29۔اگسٹ(سیاست نیوز)تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلی مرتبہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر و اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ پر جائزہ اجلاس منعقد کرکے تاریخ رقم کی ۔ میلاد النبیﷺ جلسہ و جلوس کے جائزہ اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے جن میں پولیس‘ برقی ‘ بلدی نظم ونسق‘ اقلیتی بہبود ‘ فینانس ‘ آبرسانی کے عہدیدار و ریاستی وزراء اور حکومت کے مشیران موجود تھے ۔ مجلسی ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ صدورنشین اقلیتی ادارہ جات موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے تمام محکمہ جات کے تال میل کو بہتر بناکر جشن عید میلاد النبی ﷺ خشوع و خضوع سے منعقد کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے جلوس و جلسوں کے انتظامات کو بہتر انداز میں سرکاری نگرانی میں انجام دئے جائیں۔ چیف منسٹر نے پر امن انداز میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے انعقاد پر تجاویز پیش کی اور کہا کہ رحمت عالم کا پیغام عام کرنے اس موقع سے مکمل فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں مجلسی ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ منتظمین میلاد جلوس کے علاوہ جناب محمد علی شبیر مشیر برائے اقلیتی امور ‘ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین وقف بورڈ‘ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین حج کمیٹی ‘ جناب عبید اللہ کوتوال صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن‘جناب فہیم قریشی نائب صدر ٹمریز‘ارکان اسمبلی اکبر الدین اویسی ‘ میر ذوالفقار علی ‘ احمد بن عبداللہ بلعلہ ‘ کوثر محی الدین ‘ ارکان کونسل سید ریاض الحسن آفندی ‘ مرزا رحمت بیگ موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ میلاد جلوس کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں اور محکمہ آبرسانی اور محکمہ برقی کو جلوس کے راستوںپر خصوصی اہتمام کی تاکید کی ۔ چیف منسٹر نے بلدی نظم و نسق کے حکام کو جلوس و جلسہ گاہوں کے قریب خصوصی صفائی اور روشنی کے انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کیلئے انتظامات میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے ۔ شرکاء میں وزراء پونم پربھاکر‘ ڈی سریدھر بابومحترمہ شانتی کماری چیف سیکریٹری ‘ ویم نریندر ریڈی مشیر برائے حکومت ‘ وجے لکشمی مئیر و دیگر موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے پولیس کو امن و امان کی برقراری اور ان تہواروں کے دوران امن و ضبط کے مسائل پیدا نہ ہوں اس کیلئے خصوصی انتظامات کی تاکید کی اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے سخت صیانتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ قبل ازیں ریونت ریڈی نے ریاست میں 7تا17 ستمبر گنیش تہوار کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرکے گنیش پنڈالوں کیلئے مفت برقی فراہمی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔3