عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مسلمان زندگی میں شریعت کو نافذ کریں

   

سماج سے بُرائیوں کے خاتمہ کی مہم ضروری، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا پیام
حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اِس مقدس موقع پر ہمیں اپنی زندگی میں شریعت کو نافذ کرنے اور سماج سے بُرائیوں کے خاتمہ کا عہد کرنا ہوگا۔ اپنے پیام میں محمد سلیم نے کہاکہ حضور اکرم ﷺ کی تشریف آوری نے ساری انسانیت کو فلاح و کامرانی کا راستہ دکھایا ہے اور ہر سال عید میلادالنبی کے اہتمام کے موقع پر ہر شخص کو عہد کرنا ہوگا کہ وہ نہ صرف شریعت کا پابند رہے گا بلکہ دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ہمیں دیگر ابنائے وطن کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اسلام نے امن، بھائی چارہ اور اُخوت کی تعلیم دی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے سماج میں بڑھتی بُرائیوں اور جرائم کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات سے دوری کے نتیجہ میں مسلمان آپس میں ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوچکے ہیں۔ معمولی تنازعات پر قتل کے واقعات شرمناک ہیں۔ اُنھوں نے سماج میں بُرائیوں کے خاتمہ کیلئے علمائے کرام اور ائمہ و مؤذنین کے ساتھ عنقریب اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ علمائے کرام اور ائمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ میلادالنبی ﷺ کے جلسوں اور محافل میں مسلمانوں کو بُرائیوں سے دور رہنے کی تلقین کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ جمعہ کے خطبوں کے موقع پر آئمہ کرام کو سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو بُرائیوں اور جرائم سے دور رکھنے کیلئے اثر انگیز خطاب کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے جشن میلادالنبیؐ کے موقع پر غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے فلاحی کام انجام دینے کا مشورہ دیا۔ ر