عید کیلئے ایران نے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی پیر سے عبادت گاہوں کو کھولنے کا اعلان

   

تہران۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کردی ہے اور عید الفطر کے لیے کاروبار ، مذہبی اور ثقافتی مقامات دوبارہ کھولے گئے۔ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک نشری تقریر میں کہا ہے کہ اتوار کو عیدالفطر کے موقع پر عجائب گھر اور تاریخی مقامات کو دوبارہ کھولا جارہا ہے۔مقدس مزارات کو پیر سے کھول دیا جائے گا۔صدر روحانی نے اتوار کو یہ اعلان کیا کہ مزارات کو صبح کے اوقات میں اور سہ پہر کے وقت تین، تین گھنٹے کے لیے کھولا جائے گا۔ملک بھر میں تمام ملازمین آئندہ ہفتے سے کام پر آجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کورونا وائرس کے تعلق سے تین مراحل کو عبور کر لیا ہے۔اب چوتھے مرحلے میں ایران کے31 میں سے 10 صوبوں میں کرونا وائرس پر قابو پایا جائے گا۔ان صوبوں میں صورت حال بہتر ہے اور اسکریننگ کا کام تیز کیا جائے گا اور متاثرہ مریضوں کو باقی آبادی سے الگ تھلگ کیا جائے گا۔صدر روحانی نے یہ بھی کہا کہ رمضان کے بعد ریستوران دوبارہ کھول دیے جائیں گے ،کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی لیکن میچوں کو دیکھنے کے لیے شائقین کو کھیل کے میدانوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جامعات بھی 6 جون سے دوبارہ کھول دی جائیں گی لیکن میڈیکل اسکول بند رہیں گے۔ان کے مطابق ایران میں کووِڈ19 سے 88 فی صد اموات ایسے افراد کی ہوئی ہیں جو پہلے بھی مختلف عوارض کا شکار تھے۔وزارت صحت کے مطابق ایران میں اب تک کورونا وائرس سے سات ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔