عید کی خریداری کے رقم سے غریبوں کی مدد کرنے کی اپیل

   

صدر سلامی آرگنائزیشن مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی کا بیان
حیدرآباد۔/6 مئی، ( راست ) مفتی معین الدین بانکوی کے بموجب مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی صدر سلامی آرگنائزیشن نے کہا کہ موحودہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جو مالی مشکلات درپیش ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، ایسے وقت میں ایک ایک پیسہ کی حفاظت کرتے ہوئے صبر و قناعت سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ کفایت شعاری سے زندگی بسر کرنا چاہیئے۔ مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی نے کہا کہ عوام الناس عید جوش و خروش کے ساتھ نہ منائیں اور عید کی خریداری کے رقوم سے غریبوں کی مدد کریں اور سادگی کا مظاہرہ کریں۔ مالدار اور اہل ثروت حضرات جو افطار پارٹی میں ہزاروں روپئے خرچ کرتے تھے وہ ان روپیوں کے ذریعہ غریبوں کو اناج اور عید کیلئے مفلس و نادارکو سامان مہیا کریں۔ مولانا سلامی نے کہا کہ مشکلات کے وقت عبادات کے ساتھ خصوصی دعائیں کریں۔ عاجزی اور انکساری کو اپناتے ہوئے دربار الہی میں اپنے قصور کا اعتراف کریں یقینا اللہ رب العزت ہم تمام کی موجودہ بلیات اور مشکلات سے حفاظت کرے گا۔