عید گاہ میر عالم میں نماز عیدالاضحی کے انتظامات مکمل

   

Ferty9 Clinic

صبح 9:30 بجے نماز ادا ہوگی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/10اگسٹ، ( سیاست نیوز) عید گاہ میر عالم میں نماز عیدالاضحی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پیر کو نماز عید کے موقع پر مصلیوں کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے پیش نظر واٹر پروف ٹینٹس نصب کئے جارہے ہیں اور تمام محکمہ جات انتظامات میں مکمل تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مصلیوں کو وضو اور پینے کے پانی کیلئے واٹر ورکس کی جانب سے پانی کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے تحت موجود تمام عیدگاہوں اور مساجد میں موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ عید گاہ میر عالم میں صبح 9:30 بجے نماز عید ادا کی جائے گی۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب رہے گا۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ عید کے فرائض انجام دیں گے۔ قدیم عید گاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحی صبح 9 بجے ادا کی جائے گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسی دوران ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک بابو راؤ نے ٹریفک کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ عید گاہ میر عالم کا دورہ کیا اور انتظامات کو قطعیت دی۔ انہوں نے بتایا کہ بہادر پورہ، کالا پتھر اور دانماں کی جھونپڑی سے ٹریفک کا رُخ دوسری جانب موڑ دیا جائے گا۔ ان تینوں راستوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بہادر پورہ سے آنے والی گاڑیوں کی پارکنگ زو پارک میں رہے گی جبکہ حسن آباد اور شیورام پلی سے آنے والی گاڑیاں میرعالم فلٹر کے قریب پارک کی جاسکیں گی۔ بابو راؤ نے کہا کہ مصلیوں کی سہولت کیلئے سڑکوں کی صفائی کا انتظام کیا گیا اور سڑک کے دونوں جانب موجود گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کی ایک ٹیم کو مستقل طور پر نگرانی کی ہدایت دی ہے۔