ابوجا، 2 نومبر (یواین آئی) نائیجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے نائیجیریا میں عیسائیوں کے قتل کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہیکہ یہ نائیجیریا کی مذہبی حقیقت کی غلط بیانی ہے اور مذہبی آزادی کیلئے ملک کی آئینی وابستگی کی عکاسی نہیں کرتے ۔ جمعہ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر نے نائجیریا پر وہاں کے عیسائیوں کو جان بوجھ کر قتل کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے ہفتیکو مزید دھمکی دی کہ اگر نائیجیریا میں قتل عام نہ روکا گیا تو امریکہ نائجیریا کی تمام امداد معطل کردے گا اور اسلامی دہشت گردوں پر حملہ کر کے انہیں ختم کر دے گا۔ ٹرمپ نے اپنے محکمہ جنگ کو بھی ممکنہ کارروائی کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ ہفتہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں نائیجیریا کے صدر نے کہاکہ نائیجیریا ایک جمہوری ملک کے طور پر مضبوط کھڑا ہے ، جہاں آئینی طور پر مذہبی آزادی کی ضمانت موجود ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ مذہبی آزادی اور رواداری نائجیریا کے بنیادی اصول ہیں۔ ٹینوبو نے کہا کہ حکومت تمام شہریوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے ، چاہے ان کا عقیدہ کچھ بھی ہو۔ انہوں نے کہاکہ نائیجیریا مذہبی ظلم و ستم کی مخالفت کرتا ہے اور اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا ہے ۔