عیسائی مذہب کی تبلیغ کرنے والی تین خواتین گرفتار

   

ستنا (ایم پی) : مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع کی پولیس نے غریب لوگوں کو عیسائیت اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرنے پر تین خواتین کو گرفتار کیا ہے۔ ایک اہلکار نے ہفتہ کے روز یہ معلومات دیں۔ کولگوان پولیس اسٹیشن کے انچارج سدیپ سونی نے کہا کہ جمعہ کو ایک شخص کی شکایت پر مدھیہ پردیش فریڈم آف ریلیجن ایکٹ کے تحت تین خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ بینک کالونی ستنا کے رہائشی آدرش ترپاٹھی نے شکایت کی کہ تینوں خواتین ان سے ملیں اور ان کے خاندان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس نے وضاحت کی کہ تینوں نے اسے اپنے بیمار والد کا علاج کرنے کیلئے عیسائیت اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ افسر نے کہا کہ شکایت کنندہ نے کہا کہ ان خواتین نے ہندو مذہب کے بارے میں بھی قابل اعتراض تبصرے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کے بعد سونو ساکیت، پاروتی ساکیت اور ارچنا ساکیت نامی تین خواتین کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سے قابل اعتراض مواد پر مشتمل پمفلٹ بھی برآمد ہوئے ہیں جن کا مقصد لوگوں کو مذہب تبدیل کرنے پر آمادہ کرنا تھا۔