عیسائی ۔مسلم تعلقات کیلئے پوپ فرانسیس کا دورہ مراقش

   

یوروپ کے باب الداخلہ پر مہاجرین سے ربط اور عیسائی مسلم اتحاد پر توجہ
واشنگٹن۔/30مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) رومن کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس اواخر ہفتہ سے مراقش کے دورہ کا آغاز کررہے ہیں۔ جس کا مقصد عیسائی ۔ مسلم تعلقات پر اس شمال افریقی ملک کی روایات کو اُجاگر کرنا ہے۔ یوروپ کے باب الداخلہ تصور کئے جانے والے اس مقام پر مہاجرین سے یگانگت کا اظہار کرنا ہے۔ علاوہ ازیں کیتھولک برادری سے خطاب بھی ان کے پروگرم میں شامل ہے۔ پاپائے روم ہفتہ کو شروع ہونے والے 27 گھنٹوں کے اس دورہ کا دارالحکومت رباط سے آغاز کریں گے۔ اس دوران وہ دو اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ دورہ کے اختتام سے قبل وہ اجتماعی دعائیہ پروگرام کی قیادت کریں گے۔ بیرونی ممالک میں آباد مراقشی برادری کی کونسل کے سکریٹری جنرل اور اسلامی علوم کے ماہر عبداللہ بصوف نے کہا کہ ’’ مراقش ہمیشہ ہی عیسائیوں کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مراقش میں عیسائیوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔جس میں ٹی وی، گرجا گھروں کی تعمیر اور نقل و حرکت کی آزادی بھی شامل ہے۔