عیسی اور موسی ندی پر 5 برجس کی تعمیر کا آج سنگ بنیاد

   

تین برجس چار رخی ہونگے ۔ جملہ لاگت 168 کروڑ ‘ کے ٹی آر سنگ بنیاد رکھیں گے

حیدرآباد 24 ستمر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ 25 ستمبر پیر کو ان پانچ برجس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے ان برجس کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے سے موسی ندی پر جملہ پانچ برجس تعمیر کئے جائیں گے ۔ حکومت کی جانب سے شہر میں انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت ان برجس کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ ان برجس کی تعمیر سے شہر کے جنوبی علاقوں کو مابقی حصے سے مزید بہتر انداز میں مربوط کیا جاسکے گا ۔ اس سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی ہوگی ۔ حکومت کی جانب سے اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سڑکوں کو بہتر بنانے کے کام شروع کئے گئے ہیں۔ اسی طرح اب پانچ برجس مودی اور عیسی ندی پر تعمیر کئے جائیں گے جن پر جملہ 168 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ اپل بھاگایت پر ان برجس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ان برجس سے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کیا جاسکے گا بلکہ ندی کے دونوں جانب ترقی میں بھی مدد ملے گی ۔ اس سے شہر کا انفرا اسٹرکچر مزید بہتر ہوگا ۔ اس کے علاوہ رود موسی کی خوبصورتی کو بھی مزید بہتر بنایا جائیگا ۔ یہ برجس نارسنگی سے گوریلی کے مابین 55 کیلومیٹر کی پٹی میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ان میں تین برجس چار رخی ہونگے جو موسی ندی پر تعمیر ہونگے جبکہ عیسی ندی پر بھی دو برجس کی تعمیر عمل میں آئے گی ۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ 15 مہینوں میں ان برجس کی تعمیر مکمل ہوگی ۔ عیسی ندی پر بننے والے برجس بدویل آئی ٹی پارک کے قریب بنیں گے ۔ پارک ون پر بننے والے پہلے برج کی لاگت 20 کروڑ ہوگی جبکہ پارک ٹو پر بننے والے دوسرے برج کی لاگت 32 کروڑ روپئے ہوگی ۔ موسی ندی پر بننے والے برجس اپل بھاگایت ‘ باٹا سنگارم اور منچی ریوولو کے مقام پر تعمیر ہونگے ۔ اپل میں بننے والے برج کی لاگت 42 کروڑ ہوگی جبکہ دوسرے دو برجس 35 کروڑ اور 39 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جائیں گے ۔ ان کی امکانی لمبائی 210 میٹر ہوسکتی ہے ۔