غازی آباد(اترپردیش): شوہر، بیوی اور ایک عورت نے غازی آباد کے اندرا پورم علاقہ میں ویبھو قند اپارٹمنٹ کے آٹھویں فلور سے چھلانگ لگادی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ چھلانگ لگانے سے شوہر اور بیوی کی برسرموقع موت ہوگئی جبکہ وہ دوسری عورت کی حالت نہایت تشویش ناک ہے اسے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ چھلانگ لگانے سے قبل شوہر اور بیوی نے اپنے دوبچوں کا قتل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ معاشی تنگدستی کی وجہ سے شوہر اور بیوی نے اپنے بچوں کا قتل کر نے کے بعد یہ انتہائی اقدام کیا۔ سینئر سپریننڈنٹ آف پولیس غازی آباد سدھیر کمار نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں دوران تحقیقات پتہ چلا کہ اس جوڑے کے ساتھ چھلانگ لگانے والی وہ عورت بھی اسی کی بیو ی بتائی گئی۔
متوفی شوہر نے دو شادیاں کی تھیں۔ جب ہم نے ان کے فلیٹ میں گئے تو ان کے بچے مردہ حالت میں پائے گئے۔ وہاں ہمیں ایک سوسائیڈنوٹ ملا جس میں لکھا ہوا تھا کہ معاشی بدحالی کی وجہ وہ یہ اقدام کررہے ہیں۔“ اپارٹمنٹ سیکوریٹی گارڈ اعجازکریم خان نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح 5یا سوا 5بجے پیش آیا۔ میں کوئی بھیانک آوازسنی اور باہر آکر دیکھا تو تین لوگ زمین پرپڑے ہوئے تھے۔میں فوری اپنے سوپر وائزر اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔