غازی ملت کالونی چندرائن گٹہ میں نلوں سے آلودہ پانی

   

عوام کی صحت متاثر ، واٹر ورکس حکام بے پرواہ

حیدرآباد۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ شہر میں وبائی امراض کے سبب ہزاروں خاندان پریشان ہیں، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو آلودہ پانی کی سربراہی روکنے سے کوئی دلچسپی نہیں۔ زیادہ تر وبائی امراض مچھروں کے علاوہ آلودہ پانی کے استعمال سے ہوتے ہیں لیکن مجلس بلدیہ مچھروں کی افزائش روکنے اور ورکس ڈپارٹمنٹ آلودہ پانی کی سربراہی کو روکتے ہوئے صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے پرانے شہر کے علاقہ غازی ملت کالونی چندرائن گٹہ کے مکینوں کو نلوں سے بدبو دار اور آلودہ پانی سربراہ ہورہا ہے ۔ عوام نے اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کو بارہا توجہ دلائی ۔ حتیٰ کہ مقامی کارپوریٹرس کو بھی آلودہ پانی کا مشاہدہ کرایا گیا لیکن کسی نے مسئلہ کی یکسوئی میں دلچسپی نہیں لی۔ بتایا جاتا ہے کہ واٹر ورکس کی پائپ لائین میں سیوریج لائین مل گئی ہے جس کے نتیجہ میں ساری لائین آلودہ ہوچکی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ ان کے پاس پینے اور استعمال کیلئے اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں جس کے نتیجہ میں گھروں میں مختلف امراض پھیل رہے ہیں۔ خاص طورپر معصوم بچوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واٹر ورکس حکام کو چاہئے کہ فوری سیوریج لائین کا پتہ چلا کر واٹر پائپ لائین کو آلودگی سے محفوظ کریں تاکہ صحت عامہ متاثر نہ ہونے پائیں۔ مقامی عوام نے رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت کی توجہ مبذول کرائیں۔ اس مسئلہ کو اسمبلی کے جاریہ سیشن میں موضوع بحث بناتے ہوئے چیف منسٹر اور وزیر بلدی نظم و نسق سے عہدیداروں کو پابند کرایا جائے۔