سچر کمیٹی سفارشات کا حوالہ ۔ چیف منسٹر کو ایم ایل سی عامر علی خان کا مکتوب
حیدرآباد 31 اگسٹ(سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے تینوں کمشنریٹس حیدرآباد‘ رچہ کنڈہ اور سائبر آباد کے پولیس اسٹیشنوں میں اسٹیشن ہاؤز آفیسر (سرکل انسپکٹر) کے عہدہ پر مسلم پولیس عہدیداروں کے تقرر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے مسلم غالب آبادیوں میں مسلم پولیس عہدیداروں کے تقرر کیلئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ جناب عامر علی خان نے مکتوب میں ریاست کے بیشتر کمشنریٹس میں مسلم پولیس عہدیدارو ںکو ان کی اہلیت کے مطابق پوسٹنگ میں نظر انداز کئے جانے کے معاملہ کو چیف منسٹر کے علم میں لاتے ہوئے کہا کہ سچر کمیٹی کی سفارشات کے مطابق مسلم غالب آبادیوں میں مسلم عہدیداروں کے تقررات کو یقینی بنانے کی خواہش کی ۔ انہو ںنے ریاست میں حکومت سے اقلیتی برادری میں اعتماد پیدا کرنے اقدامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اقلیتی نوجوانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں اس کے باوجودان میں احساس تحفظ پیدا کرنے سچر کمیٹی سفارشات پر عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سچر کمیٹی حوالوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ سچر کمیٹی نے جو سفارش کی اس کے مطابق سیکوریٹی فورسس میں مسلم عہدیداروں سے انصاف کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے اور اس کے مثبت نتائج کے متعلق بھی کمیٹی نے پیش قیاسی کی ہے۔ جناب عامر علی خان نے مسلم پولیس عہدیدارو ں کو تمام کمشنریٹ کے علاوہ ٹاسک فورس آفس میں انسپکٹر کے عہدہ پر متعین کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ تمام کمشنریٹ بالخصوص حیدرآباد‘ سائبرآباد کے علاوہ رچہ کنڈہ کے پولیس اسٹیشنوں میں مسلم عہدیداروں کے تقرر کے ساتھ سچر کمیٹی رپورٹ پر بھی عمل آوری ہوگی اور امن و امان کی برقراری میں ان عہدیداروں کی خدمات کو بھی بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے اسی لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی جن کے پاس وزارت داخلہ کا بھی قلمدان ہے انہیں اس خصوص میں توجہ دیتے ہوئے عہدیداروں سے مشاورت کے ذریعہ مسلم انسپکٹران پولیس کو تعینات کرنے کے احکام جاری کرنے چاہئے ۔3