نئی دہلی: دہلی ایشیا کی تہذہب و ثقافت کو نمایاں کرتی ہے ۔ دہلی کے اندر ہر قسم کا کلچر ملتا ہے ۔دہلی کے مختلف مقامات کے ناموں پر کام ہونا چاہئے ۔ اس قسم کی تحقیق کافی دلچسپ ثابت ہوگی۔ہمیں اپنی تہذیب و ثقافت کو سنبھالنا چاہئے جو مشترکہ تہذیب وثقافت کی دین ہے ۔ ہمیں کسی معاملے میں شدت پسند بننے کی ضرورت قطعی نہیں۔ ہمیں ہندوستان کے کلچر کو اسی طریقے سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایس عنایت علی زید ی نے اردو اکادمی، دہلی کے زیر اہتمام دہلی کی تاریخ و ثقافت’’ کے عنوان سے منعقد توسیعی خطبے کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپروفیسر سنیتا زیدی نے کہاکہ دہلی کو مختلف عہد میں تباہ و برباد کیا گیا، اس کے باوجود یہاں مختلف قسم کی تہذیب و ثقافت ملتی ہے ۔ اس قدر ہوئی تباہی نے دہلی کو مزید استحکام بخشا ہے ۔دہلی سات دفعہ بسی اور اجڑی ہے اور آج ہمارے سامنے دہلی کی ایک شکل یہ بھی ہے ۔