غبارے فروخت کرنے والی لڑکی راتوں رات اسٹار بن گئی

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہر کسی میں کوئی نہ کوئی ٹیلنٹ ضرور چھپا ہوتا ہے ۔ جو کسی بھی شکل میں کسی بھی وقت منظر عام پر آہی جاتا ہے اور اس کو تسلیم بھی کیا جاتا ہے ۔ یہ کہاوت کافی مشہور ہے کہ ’ہیرے کی پہچان صرف جوہری کو ہوتی ہے ‘ بس صرف انسان کے اندر چھپے ہنر ، قابلیت یا صلاحیت اور خوبصورتی کو نکھارنے والے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ آج کل راتوں رات سلیبریٹی اسٹار بننے کے لیے انٹرنیٹ ایک پلیٹ فارم بنا ہوا ہے اب اس فہرست میں غبارے فروخت کرنے والی نوجوان لڑکی کسبو بھی شامل ہوگئی ہے ۔کسبو راجستھان سے تعلق رکھتی ہے جس کا خاندان اب کیرالا میں مقیم ہے ۔ سڑکوں اور ٹریفک سگنلس پر اس کا خاندان غبارے اور گڑیاں فروخت کرتے ہوئے گذر بسر کرتا ہے ۔ انڈلور کپو جاترا میں غبارے فروخت کرنے والی کسبو کی زندگی نے راتوں رات نیا موڑ لے لیا ۔ شادیوں میں فوٹو گرافی کرنے والے ارجن کرشن اس جاترا میں تفریحی طور پر فوٹو گرافی کررہے تھے اس کی نظر غبارے فروخت کرنے والی کسبو پر پڑی اور اس نے اس لڑکی کی تصویر لے لی اور اس کو سوشیل میڈیا میں شیئر کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد اسٹائلش رمیا کے ساتھ اس کے چند فوٹو شوٹ کیے گئے جس کے بعد کسبو سوشیل میڈیا میں ایک متاثر کن شخصیت بن گئی ہے ۔۔ ن