غدر کے خلاف امیت شاہ کے ریمارکس پر کانگریس کارکنوں کا احتجاج

   

مرکزی وزیر کا علامتی پتلا نذر آتش، بی جے پی آفس کی روڈ غدر سے موسوم کرنے کی اپیل
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) انقلابی شاعر اور جہدکار غدر کی مبینہ طور پر توہین کے خلاف کانگریس کارکنوں نے مرکزی وزیر امیت شاہ کا علامتی پتلا نذر آتش کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ امیت شاہ نے راجیہ سبھا میں ماؤسٹ اور نکسلائیٹ تحریک کے خاتمہ سے متعلق بیان دیتے ہوئے انقلابی شاعر غدر کو نکسلائیٹ ثابت کرنے کی کوشش کی۔ غدر کے خلاف امیت شاہ کے ریمارکس پر صدر ضلع کانگریس خیریت آباد ایم روہت مدیراج کی قیادت میں نلہ کنٹہ میں دھرنا منظم کیا گیا۔ اِس موقع پر امیت شاہ کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ روہت مدیراج نے کہاکہ امیت شاہ نے غدر کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کے ذریعہ تلنگانہ عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اور خاص طور پر مرکزی وزیر کشن ریڈی ایوان میں خاموش رہے حالانکہ وہ غدر کی تاریخ سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اُنھوں نے بی جے پی قائدین سے امیت شاہ کے ریمارکس پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ صدر ضلع کانگریس نے کہاکہ تلنگانہ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو غدر کی توہین پر فوری مستعفی ہونا چاہئے۔ تلنگانہ حکومت نے غدر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے فلم انڈسٹری کو دیئے جانے والے ایوارڈس کو غدر سے موسوم کیا ہے۔ روہت مدیراج نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ بی جے پی آفس گزرنے والی شاہراہ کو غدر مارگ سے موسوم کیا جائے۔1