غدر2 ایک اور بلاک بسٹر ، سنی دیول کی حیدرآباد میں پریس کانفرنس

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( ایم اے سلام ) : سال 2002 ء میں ریلیز ہو کر سوپر ہٹ ہوئی سنی دیول اور امیشا پٹیل کی مرکزی اسٹار کاسٹ پر مبنی غدر ایک پریم کتھا کے سیکوئیل کے طور پر بنائی گئی ،پروڈیوسر ڈائرکٹر انیل شرما کی فلم ’ غدر 2 ‘ ورلڈ وائیڈ اپنے زبردست باکس آفس کلکشن کے ساتھ ریکارڈ بنا رہی ہے ۔ اس فلم کی کامیابی کے سلسلہ میں فلم کے ہیرو سنی دیول نے آج یہاں حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غدر 2 بھی ایک بار اور اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دے گی اور بہت جلد یہ فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہوگی ۔ ایکٹر ، پروڈیوسر ، ڈائرکٹر و رکن پارلیمنٹ سنی دیول نے مزید کہا کہ بہت جلد اس فلم کے تیسرے حصہ کے طور پر ایک اور اسکرپٹ پرکام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپنے تمام پرستاروں اور شائقین سے اظہار تشکر بھی کیا ۔ اس موقع پر بالی ووڈ ایکشن ہیرو نے حیدرآباد سے اپنے جدباتی لگاؤ کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یہ شہر اس قدر اچھا لگتا ہے کہ وہ یہاں بھی قیام کرنا پسند کرتے ہیں اس موقع پر انہوں نے پر سکون انداز میں صحافیوں کی جانب سے کئے گئے کئی ایک پروفیشنل اور پرسنل سوالات کے بھی جوابات دئیے ۔ بتاتے چلیں کہ غدر2 نے اوپننگ ویک اینڈ تک ہی ورلڈ وائیڈ 290.59 کروڑکا بزنس کردیا ہے اور اب یہ اپنے ریلیزکے دوسرے ہفتہ میں تین سوکروڑ کے ہندسہ میں داخل ہوجائے گی ۔ زی اسٹوڈیو اور انیل شرما پروڈکشن کے بیانر پر بنائی گئی فلم غدر2 کو شکتی مان تلوار نے لکھا ہے جب کہ فلم میں سنی دیول ، امیشاپٹیل ، اتکرش شرما ، منیش وادھور ، گورو چوپڑا ، سمرت کور نے اہم کردار ادا کیے ہیں ۔ سنیما آٹو گرافی نجیب خان کی ہے ۔ موسیقی متھون نے دی ہے ۔ غدر ایک پریم کتھا کی کہانی بٹوارہ پر مبنی ہے اس غدر 2 کی کہانی 1971 میں ہوئی ہند پاک جنگ کے دوران تارا سنگھ کی اپنے بیٹے چرن جیت کو ہندوستان واپس لے آنے پر ہے ۔