غذائی اجناس اور اشیائے کی تنقیح پر قبل از وقت اجازت لازمی

   

پولیس کا سخت گیر موقف ،سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کے احکامات
حیدرآباد /16 اپریل ( سیاست نیوز ) لاک ڈاؤن کے دوران غذائی اجناس اور اشیائے ضروریہ کی تقسیم کرنے والوں پر سخت نظر رکھنے کا پولیس نے فیصلہ کرلیا ہے ۔ دونوں کمشنریٹ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنروں نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس فورس کو چوکس کردیا ہے کہ وہ بغیر اجازت کے کسی بھی فرد یا تنظیم یا آرگنائزیشن کو تقسیم کی کھلی اجازت نہ دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی اور سماجی دوری کو برقرار نہ رکھنے کی شکایتوں پر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ کسی بھی فرد یا ادارے تنظیم یا آرگنائزیشن کو چاہئے کہ وہ مقامی پولیس یا پھر اعلی پولیس عہدیداروں کی اجازت حاصل کریں اور تقسیم سے قبل مقامی بلدی حکام کو اس کی اطلاع دیں اور تقسیم کے عمل کو کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط کے دائرے میں انجام دینا ہوگا ۔ بصور ت دیگر انہیں اجازت نہیں ہوگی اور ایسے اصولوں اور قوانین اور قوائد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے 94906172340 اور سائبرآباد پولیس نے کوویڈ 19 کنٹرول روم 9990617431 ، 9490617440 پر اطلاع دینے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نمبرات 9493120244/ 7093906449 پر ربط کرنے کا مشورہ دیا۔