غذائی اجناس میں ملاوٹ کی روک تھام کے لیے حیڈرا کی طرز پر خصوصی ادارہ کا قیام

   

طلبہ کو معیاری تعلیم اور صحت بخش غذا حکومت کا نشانہ، باریک چاول اسکیم سے 86 فیصد آبادی کا احاطہ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔30 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ غذائی اجناس میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے ایگل اور حیڈرا کی طرز پر ایک منظم ادارہ قائم کیا جائے گا۔ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے غذائی اجناس میں ملاوٹ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جس طرح ایگل اور حیڈرا کے ذریعہ منشیات کی روک تھام اور سرکاری اراضیات کے تحفظ کے اقدامات کئے جارہے ہیں، اسی طرز پر ایک نیا ادارہ قائم کرتے ہوئے ملاوٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں موجودہ قوانین سے استفادہ کرتے ہوئے نئے ادارہ کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے پیداوار کی قیمت کا تعین کرنے میں کسانوں کے اختیار سے محرومی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ موقع سے فائدہ اٹھاکر درمیانی افراد لوٹ مچارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کسانوں کے تحفظ کیلئے پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوامی نظام تقسیم کے تحت 86 فیصد عوام کو باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ ہر مستحق خاندان کو راشن کارڈ جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول کی تقسیم سے چاول کی بلیک مارکیٹنگ میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی کا ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ حکومت نے طلبہ کو معیاری تعلیم اور صحت بخش غذا کی سربراہی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دوسری کمرشیل فصلوں کو اختیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ کسانوں کو فصلوں کے بارے میں حقیقی معلومات فراہم کرتے ہوئے نقصانات سے بچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو درمیانی افراد کے استحصال سے بچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وجئے بھاسکر ریڈی دور حکومت میں کانگریس حکومت نے ایک روپئے کیلو چاول اسکیم کو متعارف کیا تھا لیکن یہ اسکیم عوام تک نہیں پہنچ سکی۔ بعد میں آنجہانی این ٹی آر نے اسکیم کو آگے بڑھایا اور عوامی نظام تقسیم سے غریبوں کو فائدہ پہنچا۔ گزشتہ 40 برسوں سے اسکیم پر عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فائن رائز کی پیداوار پر کسانوں کو فی کنٹل 500 روپئے بونس فراہم کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کے 3 کروڑ 39 لاکھ افراد کا احاطہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ باریک چاول کی سربراہی اسکیم سے آنے والے دنوں میں ریاست کی 90 فیصد آبادی کا احاطہ کیا جائے گا۔1