غربت کے خاتمہ کیلئے موجودہ فلاحی اسکیمات مستقل حل نہیں

   

سونے کی چین اور انگوٹھیاں والا قائد نہیں بلکہ عوامی آنسو پر ردعمل کا اظہار کرنا انسانیت ہے : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کلیان لکشمی ، آسرا پنشن اور راشن کارڈس کی اجرائی سے غربت کا مستقل حل برآمد نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سب کو اپنے پیر پر کھڑا ہونے کا موقع فراہم کرنے کا سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے پھر ایکبار سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے ۔ وزیر صحت نے کل ضلع کریم نگر کے ویناونکا منڈل کے حدود میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنے کے بعد منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ دھرم اور انصاف کو عارضی شکست ہوسکتی ہے ۔ مگر قطعی جیت انہیں کی ہوگی ۔ ذات پات ، نقد رقم ، پارٹی ، جھنڈے نہیں بلکہ انسان کو یاد رکھنا چاہئے ۔ مجھے معلوم ہے ایسے ریمارکس کے بعد مجھے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مگر وہ زخمی دل کو کبھی تبدیل نہیں کریں گے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہ جب نئے نئے سیاست میں قدم رکھ چکے تھے تو لوگوں نے کہا تھا کہ یہ بچہ کہاں جیت پائے گا ۔ مگر اسمبلی حلقہ حضور آباد کے عوام مجھے 20 سال سے کامیاب بنا رہے ہیں۔ میں کیسا آدمی ہوں ۔ میری محنت سے مقامی لوگ بخوبی واقف ہیں ۔ موجودہ فلاحی اسکیمات غربت کے خاتمہ کے لیے مستقل حل نہیں ہے ۔ سب کو اپنے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سونے کی چین اور انگوٹھیاں پہننا بڑی بات نہیں ہے ۔ لوگوں کی مدد کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ سماج میں ہر کوئی ایک جیسے نہیں ہوتے ۔ ایک قائد کو جائیداد ، مذہب ذات پات تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ عوام کے آنکھوں میں آنسو دیکھ کر ردعمل کا اظہار کرنے والا ہی حقیقی انسان ہے ۔ کسان ٹھیک رہنے پر گاؤں تمام اچھا رہے گا ۔ وہ جب تک ہیں ۔ اسمبلی حلقہ کے عوام کا سرشرم سے کبھی نہیں جھکے گا بلکہ وہ ہمیشہ عوام کا قرض اتارتے رہیں گے ۔۔