غرب اردن میں اسرائیلی قبضے کا عمل جاری

   

تل ابیب ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کی کابینہ کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ ویسٹ بینک غرب اردن کے کچھ حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے متنازعہ منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیر برائے آباد کاری زیپی ہوتوویلے نے جمعرات کو کہا کہ اس سلسلے میں اتحادی سیاسی جماعت اور امریکہ کے ساتھ کچھ معاملات پر اتفاق کرنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے نقشے کی تیاری میں امریکہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ فلسطینی اتھارٹی ان منصوبہ جات کو مسترد کر چکی ہے۔حتیٰ کہ فلسطینی صدر اور وزیراعظم نے اسرائیل کے حالیہ اقدامات کے بعد اسرائیل سے تمام تر تعلقات منقطع کرلینے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ علاوہ ازیں بعض خلیجی ممالک میں بھی اسرائیلی اقدامات پر ناراضگی کا اظہار کیا گیاہے۔