یروشلم: اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی کو شہید کر دیا، فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے پیر کو دیر گئے بتایا کہ بیت لحم کے مغرب میں واقع قصبے حوسان میں 21 سالہ زکریا الزول کو سر میں گولی ماری گئی۔سرکاری فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے خبر دی ہے کہ وہ فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایک مشتبہ شخص نے حوسان کے قریب مغربی کنارے کی ایک شاہراہ پر تعینات فوجیوں پر فائر بم پھینکا۔ فوج نے بتایا کہ فوجیوں نے براہ راست فائرنگ کا جواب دیا اور ایک شخص کے مارے جانے کی تصدیق کی۔اسرائیل اور فلسطین کئی مہینوں سے تشدد کی لپیٹ میں ہیں، تشدد کا بڑا مرکز مغربی کنارا ہے، جہاں اس سال کم از کم 126 فلسطینی اور 20 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔پیر کو مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے قریب اسرائیلی فوج اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے درمیان شدید ترین لڑائی دیکھنے میں آئی۔جس میں ایک 15 سالہ نوجوان سمیت پانچ فلسطینی ہلاک ہوئے اور 90 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ اسرائیل کے مطابق آٹھ اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر فلسطینی عسکریت پسند تھے، لیکن پتھراؤ کرنے والے نوجوان جو حملے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور دیگر جو تصادم میں شامل نہیں تھے، بھی مارے گئے ہیں۔