غریبوں کا چٹ فنڈ میں پیسہ ڈوبنا نہیں چاہئے :اپوزیشن

   

نئی دہلی 18نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) حزب اختلاف نے کہا ہے کہ چٹ فنڈ کے ذریعے غریبوں کا پیسہ مارا جاتا ہے اور اوڈیشا میں 20 لاکھ سرمایہ کاروں کے ہزاروں کروڑ اس میں ڈوب گئے ہیں اور مستقبل میں یہ صورتحال پیدا نہ ہو اس لئے سخت قانون سازی کے لئے اس ضمن میں پیش کیا جانے والا بل اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جائے ۔لوک سبھا میں چٹ فنڈ (ترمیمی) بل 2019 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے سپت گری الکا نے کہا کہ اڈیشہ میں چٹ فنڈ کمپنیوں کی وجہ سے 20 لاکھ چھوٹے چھوٹے سرمایہ کاروں کے چٹ فنڈز میں دس ہزار کروڑ ڈوبے ہیں اوراس گھپلے میں ابھی تک غریبوں کو انصاف نہیں ملا ہے ۔ اس گھپلے میں سب سے زیادہ پیسہ غریبوں کا ڈوبا ہے اور ان کے سامنے زندگی اور موت کا سوال پیدا ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بل کی شقوں میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں اور یہ کافی نہیں ہے اور اس سے غریبوں کا پیسہ محفوظ ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔