ضلع نظام آباد میں پرائمری ہیلت سنٹرس کا افتتاح، رکن اسمبلی پی سرینواس ریڈی کا خطاب
نظام آباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کے مشیر برائے زراعت اور بانسواڑہ کے رکن اسمبلی مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت ایک پیسہ خرچ کیے بغیر معاشرہ کے غریب اور کمزور طبقوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ضلع نظام آباد کے بانسواڑہ حلقہ کے چندور منڈل مستقر پر 1.44 کروڑ روپئے سے تعمیر کیے جانے والے پرائمری ہیلتھ سنٹر کا پوچارام سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو اور اسٹیٹ ایگروس انڈسٹریز کارپوریشن چیرمین بالاراجو کے ہمراہ سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعلیم طب، پینے کے پانی کی سربراہی اور برقی کی فراہمی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں نصراللہ آباد اور چندور منڈل مراکز پر پرائمری ہیلتھ سنٹر کی منظوری عمل لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ایچ سی سنٹر چندور کے لیے ایک سال قبل منظور کیا گیا تھا۔لیکن جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے اس کے لیے مقامی چندراوتی-ودیا ساگر جوڑے نے آگے آکر انجہانی سباراؤ کے نام زمین کا عطیہ دیا جس سے پی ایچ سی کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی ہے اس طرح عوام کو مفت طبی خدمات مہیا کرنے کے مقصد سے تقریباً ایک کروڑ روپے کی زمین عطیہ کرکے اپنی انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرنے پر مقامی افراد کی جانب سے تہنیت بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ گورنمنٹ پرائمری ہیلتھ سنٹر کا نام آنجہانی سباراؤ کے نام سے موسوم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہ بانسواڑہ میں 100 بستروں پر مشتمل اسپتال کی عمارت کی جگہ پر ایک نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 37 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور اس کے علاوہ مزید سو بستروں کے ساتھ ایک میٹرنٹی اسپتال کی منظوری دی گئی ہے۔ ورنی منڈل مستقر پر 13 کروڑ کی لاگت سے 30 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اس کا عنقریب افتتاح عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹگیر میں موجود 10 بستروں کے دوا خانے کو 50 بستروں والے دوا خانے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پوچارام سرینواس ریڈی نے کہاکہ درکار تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت اصل مقصد ہے۔ لیکن جب ڈاکٹر اور عملہ دلچسپی کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے، تب ہی غریبوں کو مفت بہتر علاج ملے گا اور حکومت کا مقصد پورا ہوگا۔ تعلیم اور طب کے ساتھ ساتھ آبپاشی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔نظام ساگر کنال کے لیے 900 کروڑ مزید روپے خرچ کیے گئے ہیں اور اب تک 200 کروڑ خرچ کیے گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر کو اتنی قیمتی جگہ کا عطیہ دینا بہت بڑی بات ہے اور عطیہ دہندگان کو مبارکباد دی۔ اس پروگرام میں بودھن سب کلکٹر وکاس مہتو، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر راج شری، پنچایت راج ای ای شنکر، ایم پی ڈی او نیلاوتی صدر نشین مارکیٹ کمیٹی سریش کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔