وزیر صحت کے ضلع کریم نگر میں بھی سرکاری دواخانہ کی حالت انتہائی خستہ: کانگریس
کریم نگر۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریب و متوسط عوام کی صحت کی ریاستی حکومت کو کچھ پرواہ ہی نہیں ہے۔ بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت اپنی پیٹھ آپ ٹھونک رہی ہے اس لئے فلاحی خدمات پروگراموں میں صف اول ہونے کی تشہیر پر بے دریغ روپئے خرچ کررہی ہے۔ کانگریس قائد ایم ایل اے، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا نے یہ الزام عائد کیا۔ وہ کریم نگر میں بروز ہفتہ سی ایل پی کے زیر اہتمام ریاست بھر میں طب و صحت کے سلسلہ میں سرکاری دواخانوں کی موجودہ بدترین صورتحال کی وجوہات کارکردگی فنڈز کی اجرائی وغیرہ کے تعلق سے دواخانوں کا معائنہ شروع کیا۔ اس سلسلہ میں کریم نگر دواخانہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کیلئے ایک خصوصی مقام رکھنے والا کریم نگر کے سرکاری دواخانہ کی حالت انتہائی خستہ اور بدترین ہے تو دیگر مقامات کے دواخانوں کی حالت کس طرح ہوگی اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ گزشتہ حکومت کے مختص کردہ بجٹ سے مریضوں کے بستر تک صحیح نہیں ہیں۔500 بستر والے دواخانے میں 200 بستر کی خدمات کی انجام دہی کا عملہ بھی نہیں ہے۔ دواخانے میں سیول سرجن کے ساتھ 28 ڈاکٹرس ہونا چاہیئے جبکہ صرف 4ہی ہیں۔ 24 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ 109 نرسوں کے بجائے 61 ہیں۔ 13 لیاب ٹیکنیشنس کے بجائے صرف 2 ہیں۔ خواتین کا ای سی جی مرد اسٹاف سے کرایا جارہا ہے۔ سی ٹی اسکان باہر سے کروانا ہوگا۔ وزیر صحت کے ضلع کے دواخانے کا حال اس طرح ہونا انتہائی بدبختی ہے۔ خواتین کی جانچ مرد ٹیکنیشن سے کروانا پڑرہا ہے یا پھر باہر خانگی دواخانے کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس طرح کے سرکاری دواخانے کس کام کے ہوں گے۔ گرام پنچایت سرپنچ کو بھی ایک روپئے فنڈ کی بھی اجرائی نہیں ہے۔ اسی لئے دیہاتوں میں صفائی کا کام نہیں ہورہا ہے اور عوام وبائی امراض میں مبتلاء ہورہے ہیں۔ بعد ازاں ایم ایل سی جیون ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ ضلع کریم نگر میں کسی بھی حادثے کی صورت میں اسی دواخانے کو لایا جاتا ہے لیکن یہاں نیرو سرجن کوئی اسپیشلسٹ نہیں ہے انتہائی افسوس کی بات ہے۔ ریاست میں ڈینگو شدت کے ساتھ پھیل رہا ہے اس کے علاج کیلئے غریب پریشان حال ہیں ڈینگو کو آروگیہ سری میں لیا جاکر حکومت فوری فنڈز کی اجرائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں ایم ایل اے سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی سے عوام پریشان حال ہیں۔ کے سی آر نے کریم نگر آمد پر جو وعدے کئے تھے جو تیقنات دیئے اسے پورا کرنے کیلئے آنے والے اسمبلی اجلاسوں میں دباؤ ڈالا جائے گا۔ اس پروگرام میں کانگریس قائدین چیلمیڈہ لکشمی نرسمہا راؤ، میڈپلی ستیم، وجئے رمنا راؤ، کومٹ ریڈی، نریندر ریڈی، کے راجہ شیکھر، انجنی کمار، ویدم اور دوسروں نے شرکت کی۔
