غریبوں کو مالی اعانت فراہم کرنے مایاوتی کی اپیل

,

   

لکھنو ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی ایس پی مایاوتی نے آج کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کو چاہئے کہ روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے غریبوں کی فوری مالی اعانت کریں، جنہیں کورونا وائرس وباء کے درمیان لاک ڈاون کے سبب کٹھن حالات کا سامنا ہورہا ہے۔ ہندی میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ملک میں اور یو پی میں بڑے پیمانہ پر لاک ڈاؤن لاگو کیا جارہا ہے جو کورونا وائرس کے سبب اگرچہ ضروری ہے لیکن دوسری طرف عام زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ جو لوگ روز کماکر کھاتے ہیں، ان کی تعداد کروڑوں میں ہیں اور ان کے لئے فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں غریبوں کیلئے ہمدردانہ اقدامات کریں۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے خوشحال لوگوں سے بھی غریبوں کی مدد کرنے کی اپیل کی۔