ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروںکی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات، حکومت کی 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے واقفیت
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ذریعہ غریبوں اور مستحقین تک اسکیمات کے فوائد کو پہنچانا عہدداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو معاشی اور سماجی سطح پر مستحکم کرنے کے ذریعہ ہی حقیقی اور توقع کے مطابق نتائج برآمد ہوں گے۔ چیف منسٹر نے 2023 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ کو الاٹ کردہ ٹرینی عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ تلنگانہ کو الاٹ کردہ آئی اے ایس عہدیداروں کی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ٹریننگ جاری ہے۔ چیف منسٹر نے آئی اے ایس عہدیداروں سے کہا کہ اسکیمات پر عمل آوری کیلئے نشانہ کا تعین حکومت کرتی ہے جبکہ اسے پورا کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے غریبوں کی بھلائی کیلئے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ان پر عمل آوری ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیہی سطح سے ترقی کا آغاز ہو تو اسکیمات کے نتائج حقیقی مستحقین تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور وہ اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سماجی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ کام کریں تاکہ حکومت کے نشانہ کی تکمیل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی سنجیدگی حکومت کیلئے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو حکومت کی ترجیحات سے واقف کرایا اور نئی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں ضروری مشوروں سے نوازا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غریب اور کمزور طبقات کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور 6 ضمانتوں کا مقصد ہر گھر تک اسکیمات کے فوائد کو پہنچانا ہے۔ ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں کو ڈپٹی کلکٹرس کے طور پر مختلف اضلاع میں ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ وہ نظم و نسق کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے بھی ملاقات کی۔1