غریبوں کو مکانات کیلئے سی پی آئی کا 24 مارچ کو چلو اسمبلی پروگرام

   

حیدرآباد ۔13 ۔ مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی نے غریبوں کو مکانات اور اراضی امکنہ کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے 24 مارچ کو چلو اسمبلی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ کھمم کے ویلوگو مٹلہ علاقہ میں بے گھر سینکڑوں خاندانوں کو حکومت کی جانب سے اراضی الاٹمنٹ کا انتظار ہے۔ بھودان اراضی کے نام پر غریبوں کے مکانات منہدم کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، ورنگل اور رنگا ریڈی اضلاع میں غریبوں کیلئے مکانات کی فراہمی کے مطالبہ کے تحت چلو اسمبلی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ سی پی آئی قائد نے ربیع سیزن میں رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری میں تاخیر کیلئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو رعیتو بھروسہ کے تحت امدادی رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں موقف کی وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت امدادی رقم کی اجرائی غیر یقینی حالات کا شکار ہے۔ سی پی آئی نے ریاست کے مالی موقف اور سنگارینی کالریز کمپنی کی کارکردگی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔1
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار کو دو سال مکمل ہوچکے ہیں ، باوجود اس کے کئی عوامی مسائل کی یکسوئی ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا رویہ تبدیل نہیں ہوا تو سی پی آئی عوامی مسائل پر جدوجہد کرے گی۔1