نئی دہلی : حکومت نے چہارشنبہ کے روز پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت پانچ ماہ کے لئے اضافی اناج مختص کرنے کو منظوری دی۔ یہ الاٹمنٹ جولائی تا نومبر کے عرصے کے لئے کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم کی زیرصدارت کابینہ کی یہاں ہوئی میٹنگ میں اس سے متعلق تجویز کو منظور دی گئی۔ اس اسکیم کے تحت پانچ ماہ تک ملک کے فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کے تحت آنے والے 81.35 کروڑ افراد کو فی کس پانچ کلوگرام مفت اناج فراہم کیا جائے گا۔ اس پر تقریباً 64031 کروڑ روپئے کی سبسڈی دیئے جانے کا اندازہ ہے ۔ مرکزی حکومت اس اسکیم کے لئے پوری رقم فراہم کررہی ہے ۔اناج کے ٹرانسپورٹ اور ڈیلرکی کمیشن وغیرہ پر تقریباً 33234.85 کروڑ روپئے اضافی خرچ ہوں گے ۔